بنگلورو،4/جون(ایس او نیوز/ایجنسی)صدر مقام بنگلور وکی ہمہ جہت ترقی کے مقصد کے تحت”بنگلور ایجنڈا ٹاسک فورس“ کی از سر نو تشکیل کے سلسلہ میں گزشتہ دنوں نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیو کمار کی قیادت میں بروہت بنگلورمہا نگر پالیکے(بی بی ایم پی) کے سابق مئیرس کااجلاس طلب کر کے تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
اطلاع کے مطابق پر دیش کانگریس کمیٹی(کے پی پی سی) دفتر میں نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار کی صدارت میں سابق مئیرس کاا جلاس طلب کیا گیا تھا،اجلاس کے دوران شیو کمار نے بتا یا کہ سابق وزیر اعلیٰ ایس ایم کرشنا کے دور میں بنگلور کی ترقی کے لئے ”بنگلور ایجنڈا ٹاسک فورس“ قائم کیا گیا تھا،جس میں بڑی بڑی کارپوریٹ کمپنیوں کے سربراہ اراکین تھے جو شہر کی ترقی کے تعلق سے صلاح مشورہ لیا کر تے تھے۔
انہوں نے بتا یا کہ ان مشوروں پر حکومت کی سطح پر غور کر کے کرشنا حکومت اس پر فوری عمل کر تی تھی،جس کی وجہ سے بنگلور میں بے شمار ترقیاتی کام انجام دئے گئے تھے۔
بتا یا جا تا ہے کہ اسی طرز پر ٹاسک فورس کو دوبارہ قائم کرنے سے شہر کی ترقی کے لئے سازگار ماحول ہونے کی صلاح سابق مئیرس نے نائب وزیر اعلیٰ کو دی۔ سابق مئیرس نے مزید بتا یا کہ مکینوں کی بہبود تنظیموں،فلاحی اداروں،صنعتی اداروں،صنعت کاروں،اُدباء،جہد کاروں،وظیفہ یاب افسران،این آر آئی ودیگر سے بھی مشورہ حاصل کر کے شہر میں ترقیاتی کام انجام دئے جاسکتے ہیں۔
اجلاس میں ڈی کے شیو کمار نے سابق مئیرس کو ہدایت دی کہ وہ آنے والے بی بی ایم پی اور پارلیمانی انتخابات کے پیش نظر بی بی ایم پی وارڈس کی ازسر نو درجہ بندی، ریزرویشن ودیگر کے تعلق سے تشکیل کمیٹی کے ذریعہ پارٹی کو اور مضبوط کریں۔
اس مو قع پر ڈی کے شیو کمار نے بتا یا کہ اسمبلی انتخابات میں شکست خور دہ بنگلور کے اسمبلی حلقہ جات کے لئے سابق مئیر کو نگرانی کار بنایا جائے گا،جن کی ذمہ داری متعلقہ حلقے میں پارٹی کومضبوط کرنے کی ہوگی،جس کے ذریعہ آنے والے بی بی ایم پی اور پارلیمانی انتخابات میں زیادہ سے زیادہ نشستوں پر جیت حاصل کرنے کی کوشش کی جائے۔
شیو کمار نے بتا یا کہ شہر کی ترقی کے سلسلہ میں اجلاس کے دوران سابق مئیرس کے صلاح ومشوروں کو حاصل کیا گیا ہے،آئندہ کل جماعتی اراکین اسمبلی کا اجلاس طلب کر کے ان سے رائے مشورہ حاصل کئے جانے کے بعد کانگریس کے اراکین اسمبلی کا علاحدہ اجلاس طلب کیا جائے گا۔
اجلاس میں کے پی سی سی کے کارگزار صدر سلیم احمد، سینئر رہنما بی ایل شنکر، سابق مئیرس ہچپا،رامچندرپا،پد ماوتی، رمیش، وینکٹیش مورتی،سمپت راج، منجوناتھ ریڈی، ڈی سی سی صدر کرشنپا،بی بی ایم پی میں سابق اپوزیشن لیڈر ستیہ نارائن حاضر رہے۔